پاک بھارت ٹیسٹ میچ سیریز کے آسٹریلیا میں انعقاد کی کوششیں

Dec 29, 2022 | 09:45 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز : میلبرن کرکٹ کلب اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے پاکستان بھارت کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے لیے  کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میلبرن کرکٹ کلب میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے تمام انتظامات سنبھالتی ہے اور ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیورٹ فوکس نے انکشاف کمنٹری کے دوران کیا۔اسٹیورٹ فوکس نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کمنٹری کے دوران کرکٹ آسٹریلیا سے رابطوں کا بتایا۔میلبرن کرکٹ کلب اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے اکتوبر میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا۔اسٹیورٹ فوکس کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کر کے اچھا لگے گا۔ پاکستان اور بھارت کا میچ ایم سی جی میں ورلڈ کپ میں 90293 تماشائیوں نے دیکھا  لگاتار تین ٹیسٹ میچ ایم سی جی میں شاندار ہوں گے۔

اسٹیورٹ فوکس نے کہا کہ روزانہ اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہو گا۔اسٹیورٹ فوکس کا کہنا ہے  کہ کرکٹ آسٹریلیا اس حوالے سے آئی سی سی سے بات کرے گا اور کوششیں جاری رکھے گا۔ ہاؤس فل میں کھیل کے جشن کے لیے شاندار ماحول ہو گا، نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز یا ٹیسٹ کھیلنا پاکستان اور بھارت کے بورڈز کے ہاتھ میں ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ اگر دونوں بورڈز کے درمیان کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو کرکٹ آسٹریلیا کو میزبانی میں دلچسپی ہو گی۔دونوں ٹیموں کے اسپورٹرز کی ایک بڑی تعداد آسٹریلیا میں موجود ہے ۔آئندہ سال ایم سی جی میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہو گا۔  پاکستان کا دورہ آسٹریلیا فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی کمیونٹی سے رابطہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 2007 میں ہوا تھا، پاکستان اور بھارت نے 2013 کے بعد باہمی سیریز نہیں کھیلی۔

مزیدخبریں