موسم سرما کی پہلی بارش، خشک سردی کا خاتمہ، دھند چھٹ گئی 

Dec 29, 2022 | 09:06 AM

ایک نیوز: ملک میں دسمبر ایک مرتبہ پھر گیلا ہوگیا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارش نے خشک سردی کا خاتمہ کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے خشک سردی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ خیبر پختونخوا ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش اور شمالی علاقہ جات میں برفباری ہوئی ہے۔

 دسمبر نے جانے سے پہلے رنگ جما دیا۔۔شدید سردی کے بعد کالی گھٹاؤں نے انٹری دے دی۔ بلوچستان اورپنجاب  کے مختلف شہروں میں رم جھم نے خشک سردی کا بوریا بستر گول کردیا۔

لاہور ،میانوالی ، سرگودھا، کمالیہ ، چنیوٹ میں  بادل برسنے سے دھند کی چھٹی ہوگئی۔راجن پور،،صفدرآباد اور کالاباغ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد ،،پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر شہروں میں مزید بادل برسنے کی پیش گوئی کردی ہے۔  لیہہ میں منفی 14ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سردی کی شدت سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ۔اسکردو میں درجہ حرارت منفی11، استورمنفی 9 اورکالام میں منفی 8رہا۔

مزیدخبریں