بلوچستان: شدید برفباری اور بارش، پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی نافذ کردی

Dec 29, 2022 | 08:14 AM

ایک نیوز: بلوچستان میں بارش اور برف باری کی صورتحال کے باعث محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ( پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلانیہ پابندی کے تحت تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق برف باری کے مقامات پر آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے عملہ اور مشینری پہنچا دی گئی۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال کے دوران محکمہ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس کے ریسکیوئر، سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

صوبے کے برف باری والے علاقوں میں آمد ورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر پہلے سے عملہ اور ہائی مشینری پہنچائی جا چکی ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور احتیاط کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں ریلیف کا سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بھی اس موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کردی ہے۔

مزیدخبریں