ایک نیوز:پاکستانی بحریہ کے جہاز حنین نے رومانیہ سے پاکستان کے لیے پہلے سفر کے دوران عمان کی بندرگاہ سلالہ کا دورہ کیا اور رائل عمانی بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا ،دورہ عمان کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے عمان کے عسکری حکام سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ حکام کی ملاقاتیں، جنگی بحری جہازوں کے دورے، مشترکہ مشقیں اور باہمی میری ٹائم پٹرولنگ؛ باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جاتے ہیں پی این ایس حنین ڈیمن نیول شپ یارڈ رومانیہ میں تعمیر کیے جانے والے پاک بحریہ کے چار یرموک کلاس جہازوں میں سے تیسرا جہاز ہے ،پی این ایس حنین کے حالیہ دورے سے دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پی ایس حنین کی پاکستان بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی پرتپاک تقریب 6 ستمبر کو نیول ڈاکیارڈ میں منعقد ہو گی ،صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔