ایک نیوز: رینجرز سندھ اور پولیس کا کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن ،ایک ڈاکو ہلاک 2زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق آپریشن کے دوران ڈاکوں نے پولیس پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے،مقابلے میں پولیس کانسٹیبل لاشاری نے جواں مردی سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ،شہید اہلکار کا تعلق کندھکوٹ سے ہے ۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک، دو ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہوگئے، ہلاک ڈاکومالگزار بھلکانی ڈاکو کا بھائی ہے جس کی سندھ حکومت کی طرف سے ہیڈ منی بھی مقرر ہے ، ہلاک ڈاکو متعدد ایف آئی آرز میں نامزد تھا ، سندھ رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئےمزید چھ مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیا ، آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا ،فرار شدہ ڈاکوؤں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کندھ کوٹ کے کچے میں پولیس اور رینجرز کی کامیاب آپریشن کی تعریف کی اور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید پولیس کانسٹیبل کی جرت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہماری پولیس اور رینجرز نے اغوا برائے تعاوان اور لوٹ مار میں ملوث ڈاکو کو جہنم رسید کیا ،شہید کانسٹیبل نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی قیمتی جان نچھاور کی ہے۔