ایک نیوز: وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کےمطابق پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے وفد کی قیادت پاور چائنا ریسورسز کے صدر یانگ تیانیو نے کی ، ملاقات میں توانائی کے شعبے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پائیدار اور موثر توانائی کے حل کے لئے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ، توانائی پیدا کرنے والوں کو ادائیگیوں اور بروقت ادائیگیوں میں حائل مسائل کو حل کرنے پر غور ہوا، منصوبوں کومقامی کوئلے پر چلانے کے لئے تبدیل کرنے کی تکنیکی اور مالی فزیبلٹی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے توانائی کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں پی کیو ای پی سی کا کردار اہم ہے ، حکومت اس منتقلی کو آسان بنانے کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے ،مقامی کوئلے کی ہموار اور موثر تبدیلی کو یقینی بنانے کے لئے ریلوے لائن کا اجراء بھی شامل ہے۔
اس موقع پر وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک ، سیکرٹری پاور ڈویژن اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔