صدر مملکت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 کی منظوری دیدی

Aug 29, 2024 | 20:14 PM

ویب ڈیسک:صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2024 کی منظوری دے دی۔

بل کا مقصد اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترامیم کرنا ہے، صدر مملکت نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی۔

واضح رہے کہ ترمیمی بل کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔

اس سے پہلے یونین کونسل میں صرف چیئرمین و وائس چیئرمین کے عہدے تھے، تاہم، اب ترمیم کے مطابق موجودہ بل میں چیئرمین و وائس چیئرمین کے ساتھ ساتھ 15 مزید نمائندے بھی منتخب ہوں گے۔

یونین کونسل میں چیئرمین و وائس چیئرمین کے علاوہ 9 ممبرز یونین کونسل بھی منتخب کئے جائیں گے، نئی ترمیم کے تحت یونین کونسل سطح پر ایک کسان یا مزدور، ایک اقلیت اور ایک نوجوان بھی منتخب کیا جائے گا جبکہ تین خواتین بھی منتخب کی جائیں گی۔

بل کے مطابق جنرل سیٹوں پر امیدواروں کا انتخاب براہ راست ہوگا، جنرل کونسل کے امیدواروں کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا، انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد یونین کونسل کا سیکرٹری اجلاس بلائے گا، سیکرٹری اجلاس میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں