صدر مملکت کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

صدر مملکت کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان
کیپشن: President of the country announced a reward of Rs 10 crore for gold medalist Arshad Nadeem

ویب ڈیسک:صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیت ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کر دیا۔

قومی ہیرو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام باد میں ہوئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جس میں صدر نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

 اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سرفخر سے بلند کیا اور ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثرکیا۔

صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو بھی اسکالر شپ دی جانی چاہیے، سندھ حکومت کو پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

صدر نے ارشد کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

دوسری جانب ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو کے مقابلے میں 92 اعشاریہ 97 میٹر کی تھرو کر کے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے کسی بھی انفرادی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل پاکستان نے ہاکی میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

ارشد ندیم کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ آرمی چیف کی جانب سے بھی جی ایچ کیو میں قومی ہیرو کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب، وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے علاوہ گورنر سندھ اور گورنر پنجاب نے بھی ارشد ندیم کے انعامات کا اعلان کیا تھا۔