ویب ڈیسک: سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی اڈیالہ نے لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا۔
سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کے دفتر سے 29 اگست کو جاری نوٹس محمد اکرم کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر آویزاں کردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ 20 جون کو آپ کا تبادلہ لاہور ہوا تھا اور دو ماہ میں مکان خالی کرنا ہوتا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 2ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن آپ نے آفیسرز کالونی میں سرکاری گھر خالی نہیں کیا، سرکاری رہائش گاہ اپنے قبضہ میں رکھ کر قواعد کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے نوٹس میں کہا ہے کہ جیل کے دیگر افسران کے پاس رہائش نہ ہونے کی وجہ سے وہ اضطراب کا شکار ہیں، دو روز میں مکان خالی کر دیں ورنہ آپ کی رہائش گاہ کا پانی اور بجلی منقطع کر دیا جائے گا۔