آئندہ24گھنٹوں میں پنجاب میں بارشوں کا مزید امکان

Aug 29, 2024 | 10:22 AM

ایک نیوز:آئندہ24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سپیل 31اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے ، پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے،دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ، چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے،اگلے 48 گھنٹوں میں ہل ٹورنٹس میں سیلابی وارننگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 74 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ۔
بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 50 فیصد تک ہے،بھاکڑا ڈیم 57 فیصد پونگ 60 اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 30 فیصد تک ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں،شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔
عوام الناس سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔   

مزیدخبریں