سویڈن :قرآن پاک کی بے حرمتی کرنیوالے 2ملعونوں پر فردجرم عائد  

Aug 29, 2024 | 00:57 AM

ویب ڈیسک:سویڈن میں گزشتہ سال ایک سے زائد مرتبہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے اور نذر آتش کرنے کے جرم میں دو ملعونوں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سویڈش پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ملعون سلوان مومیکا اور ملعون سلوان نجم نے 4 مرتبہ کسی نسلی یا قومی گروہ  کیخلاف اشتعال کا مظاہرہ کیا۔

دونوں ملزمان پر عائد فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں نے قرآن  پاک کی بے حرمتی کی، اسے نذر آتش کیا اور  مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے۔

 سینئر پراسیکیوٹر آینا ہینکو کا کہنا ہے کہ دونوں افراد پر  چار مواقع پر ایسے بیانات دینے اور قرآن کے ساتھ ایسا سلوک کرنے پر مقدمہ چلایا گیا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے عقیدے کی وجہ سے ان کی توہین کرنا تھا۔

آینا ہینکو  نے کہا کہ ان کی رائے میں دونوں ملزمان کے بیانات اور ان کا عمل نسلی یا قومی گروہ  کیخلاف  اشتعال کی دفعات کے تحت آتے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ یہ مقدمہ عدالت میں چلایا جائے۔

قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی کرنے والا ملعون سلوان مومیکا  کا تعلق عراق کے صوبے موصل کے ضلع الحمدانیہ سے ہے، سلوان مومیکا سویڈن میں پناہ حاصل کرنے سے پہلے عراقی شہر نینوا میں ملیشیا کی سربراہی بھی کر چکا ہے۔

دھوکا دہی سمیت کئی کیسز میں عراق کو مطلوب سلوان مومیکا کئی سال قبل سویڈن فرار ہو گیا تھا اور سلوان مومیکا کی حوالگی  کیلئے عراقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ طور پر سویڈش حکومت سے درخواست بھی کی گئی ہے تاکہ اس  کیخلاف عراقی پینل کوڈ کے تحت مقدمہ چلایا جا سکے تاہم تاحال سویڈش حکومت کی جانب سے سلوان کو عراقی حکومت کے حوالے نہیں کیا گیا۔  

مزیدخبریں