پاکستان بار کونسل کا الیکشن کمیشن سے 90 روز میں انتخابات کا مطالبہ

Aug 29, 2023 | 16:19 PM

ایک نیوز: ملک میں 90 روز میں عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان بار کونسل بھی میدان میں آگئی اور الیکشن کمیشن سے بروقت انتخابات کا مطالبہ کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل کے آج ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق پاکستان بار کونسل نے سینئر وکیل اختر حسین کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کردیا۔ اختر حسین کو آئین کے آرٹیکل 175 کے تحت متفقہ طور پر بار کی جانب سے نامزد کیا گیا۔ اختر حسین تیسری مرتبہ دو سال کیلئے جوڈیشل کمیشن کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بار اجلاس میں بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بجلی و پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ ملک کی اشرافیہ سے بجلی ،گیس اور پیٹرول کی مفت سہولت کو فوری ختم کیا جائے۔

پاکستان بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر آئین کے مطابق 90 روز کے اندر انتخابات  کروائے۔

مزیدخبریں