ایک نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ نے20 خواتین کیلئےسینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 23 ماہ کے لیے 20 خواتین کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیاہے۔ پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں چار نئی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔چار خواتین کرکٹرز انوشے ناصر،ایمان فاطمہ ،شوال ذوالفقار اور ام ہانی کو اس بار سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹرز کو چار کیٹگریز اے بی سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے، ڈی کیٹگری کو ایمرجنگ کیٹگری کی حیثیت حاصل ہوگی۔
کپتان ندا ڈار اور بسمہ معروف نے اے کیٹگری میں جگہ برقرار رکھی ہے، سدرہ امین سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹگری سے اے کیٹگری میں آگئی ہیں۔اے کیٹگری کے معاوضے میں 19 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔بی کیٹگری کے معاوضے میں 32 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈی کیٹگری کے معاوضے میں 21 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
انعم امین،گل فیروزہ ،ارم جاوید،جویریہ خان اور کائنات امتیاز سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں ان پانچوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے گئے ہیں جبکہ عائشہ نسیم ریٹائر ہوچکی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں سو فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ ٹی 20انٹرنیشنل کی میچ فیس میں پچاس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اے کیٹگری میں بسمہ معروف،ندا ڈار ،سدرہ امین جبکہ بی کیٹگری میں عالیہ ریاض ،فاطمہ ثنا،منیبہ علی،نشرہ سندھو شامل ہے۔ سی کیٹگری میں ڈیانا بیگ، غلام فاطمہ، عمیمہ سہیل،سعدید اقبال،سدرہ نواز جبکہ ڈی کیٹگری میں انوشے ناصر،ایمان فاطمہ،نجیہہ علوی، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سیدہ عروب شاہ، طوبی حسن، ام ہانی شامل ہیں۔