سائفرکیس: عمران خان کا اٹک جیل میں ٹرائل ہوگا

Aug 29, 2023 | 15:58 PM

ایک نیوز: عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کی معطلی کے بعد سائفر تحقیقات میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔ جس کے بعد سب سے اہم سوال یہ پوچھا جارہا ہے کہ اب عمران خان کا ٹرائل کس جیل میں کیا جائے گا؟

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے قبل ماہر قانون ایڈووکیٹ شاہ خاور نے برطانوی نشریاتی دارے (بی بی سی) اردو کو بتایا کہ سزا معطلی کے باوجود عمران خان کا جیل سے باہر آنا بظاہر مشکل ہے کیونکہ ایف آئی اے نے اٹک جیل میں ان کی گرفتاری ڈال کر انہیں شامل تفتیش کر رکھا ہے۔

شاہ خاور کا کہنا تھا کہ اگر توشہ خانہ کیس میں ان کی رہائی عمل میں آتی ہے تو اس کے باوجود وہ دوسرے مقدمات میں گرفتار رہیں گے۔ شاہ خاور نے بتایا کہ عمران خان کو اٹک، اڈیالہ یا کسی بھی جیل میں رکھنے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی، البتہ سزا یافتہ شخص کو کسی بھی جیل میں رکھا جا سکتا ہے۔

شاہ خاور کا کہنا تھا کہ سزا معطلی کی صورت میں ایف آئی اے کا کیس اسلام آباد میں درج ہے لہٰذا انہیں راولپنڈی کے اڈیالہ جیل لایا جاسکتا ہے یا دوسری صورت میں ان کا جیل ٹرائل بھی کیا جا سکتا ہے۔

اسی حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات کے بھی امکان موجود ہیں کہ سائفر کیس میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر عمران خان کا جیل ٹرائل اٹک جیل میں ہی کیا جائے۔

مزیدخبریں