ایک نیوز: برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول میں تکنیکی خامی پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں فلائٹس بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تکنیکی خرابی کی وجہ سے کسی طیارہ کی لینڈنگ ہو پا رہی ہے اور نہ ہی کسی طیارہ کو پرواز کے لیے اجازت دی جا رہی ہے۔برطانیہ کا ہوائی نظام پوری طرح درہم برہم ہو گیا ہے اور ٹریفک کنٹرول سسٹم ٹھپ ہے۔ برطانیہ کی قومی ہوائی ٹریفک سروس کا کہنا ہے کہ ’’ تکنیکی مسائل کا سامنا ہے، اور ایسے میں پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے۔‘‘۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق انجینئر تکنیکی خامی کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ جلد ہی اسے ٹھیک کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی مسافروں سے کہا گیا ہے کہ اس تکنیکی خامی سے ہونے والی کسی بھی پریشانی کے لیے وہ معذرت خواہ ہیں۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ برطانیہ کے ہوائی نظام میں کس طرح کی تکنیکی خامی پیدا ہوئی ہے اور اس کے ٹھیک ہونے میں کتنا وقت لگ سکتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی ایئرلائن لوگانیئر کے ذریعہ جانکاری دی گئی ہے کہ برطانیہ کے ایئر ٹرافک کنٹرول کمپیوٹر سسٹم میں نیٹورک کا مسئلہ درپیش ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود کچھ اندرون ملک پروازوں پر اثر نہیں پڑے گا، حالانکہ بین الاقوامی پروازوں پر اس کا اثر پڑ سکتا ہے اور اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ اس معاملے میں نیشنل ایئر ٹرافک سروسز نے بتایا کہ ’’انجینئر تکنیکی خامی تلاش کرنے اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس سے ہونے والی کسی بھی پریشانی کے لیے ہم معافی چاہتے ہیں۔‘‘