بگ بیش، پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد قسمت آزمانے کو تیار

 بگ بیش، پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد قسمت آزمانے کو تیار

ایک نیوز:پاکستانی کرکٹرز کی بڑی تعداد بگ بیش میں قسمت آزمائے گی جبکہ حارث رؤف، نسیم شاہ، شاداب حان اور محمد رضوان کی ڈیمانڈ زیادہ ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بگ بیش پلیئرز ڈرافٹ کیلئے رجسٹرڈ کھلاڑیوں کی مکمل فہرست جاری کردی گئی ہے۔ 29 ممالک سے 376 غیرملکی کھلاڑیوں نے ایونٹ میں شرکت کیلئےدلچسپی ظاہر کی ہے جن میں 30 سے زائد پاکستانی شامل ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں حارث رؤف، نسیم شاہ، شاداب خان اور محمد رضوان نمایاں ہیں، نسیم اور رضوان ابھی تک بی بی ایل میں نہیں کھیلے، حارث رؤف 2019 سے 2022 تک میلبورن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں۔

شاداب کی گزشتہ ایڈیشن میں ہوبارٹ ہوریکینز نے خدمات حاصل کی تھیں، دونوں ہی کھلاڑی اپنی ٹیم میں برقرار رہنے کے اہل ہوں گے۔ اتوار کو مینز اور ویمن بگ بیش ڈرافٹس میں دونوں ایونٹس کیلیے 40، 40 غیرملکی پلیئرز کی خدمات حاصل کرلی جائیں گی، اس سیریز کیلئےسیلری کیپ 4 لاکھ 20 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان، اسامہ میر اور شان مسعود کے ساتھ محمد حسنین، یاسر شاہ، آصف علی اور عثمان شنواری بھی ڈرافٹ میں شامل ہیں۔ حسنین اس سے قبل سڈنی تھنڈر کی جانب سے بی بی ایل کا حصہ بن چکے تاہم غیرقانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی عائد کردی گئی تھی، انھوں نے 5 میچز کے دوران 15 وکٹیں لی تھیں، بعد میں 4 ماہ کی کوشش سے باؤلنگ ایکشن درست کیا تھا۔