ایک نیوز: ایشیاکپ کو باؤلرز کیلئے چیلنج قرار دیا جانے لگا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ سنسنی خیز ایونٹ ثابت ہونے کی توقع ہے۔ ایشیا کپ میں ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کو تیاریوں کی جانچ کا بہترین موقع بھی میسر آئے گا، اس کے ساتھ ہی کھلاڑیوں کیلئے فٹنس مسائل سے بچنا بھی کافی اہم ہوگا کیونکہ ورلڈ کپ بھی اکتوبر میں شیڈول ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ خاص طور پر باؤلرز کیلئے کافی اہم ہوگا، انھیں ان دنوں ٹی 20 کرکٹ کی وجہ سے 4 اوورز کرنے کی عادت پڑچکی، اس لیے ون ڈے ٹورنامنٹ میں 10، 10 اوورز کرنا کافی چیلنجنگ ہوگا۔پاکستان، بھارت، سری لنکا کوئی بھی ٹیم ہو سب کو یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کے باؤلرز 10 اوورز کرسکتے ہیں یا نہیں۔
بطور ایشیا کپ ٹائٹل فیورٹ وسیم اکرم نے کسی ایک ٹیم کا نام لینے سے گریز کیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ٹاپ پر رہنے کیلئے جیت کی ضرورت ہوتی ہے، آپ میچ درمیچ آگے بڑھتے ہیں۔ یہ ٹی 20 نہیں بلکہ 50 اوورز فی سائیڈ مقابلہ ہے، اس میں مختلف مائنڈ سیٹ اور فٹنس لیول درکار ہوتا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مقابلوں کی کافی اہمیت ہوتی ہے لیکن ہم سری لنکا یا بنگلہ دیش کو بھی نظر انداز نہیں کرسکتے۔