ایک نیوز نیوز: چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے چین پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔ چینی صدر نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام خیرسگالی کا پیغام بھی جاری کیا۔ انہوں نے پیغام میں لکھا ہے کہ یقین ہے پاکستانی حکومت اور عوام سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پالیں گے۔
دوسری جانب ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ترکش ائیر فورس کا چوتھا طیارہ امدادی سامان لیکر کراچی پہنچ گیا۔ طیارے کو ڈی جی وزرات خارجہ اور فائیو کور کے برگیڈئیر انجم نے ریسیو کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں قائم جاپانی سفارتخانے کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جاپان سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پاکستان کو امداد فراہم کرے گا۔ جائیکا کے ذریعہ پاکستان کو ٹینٹس اور پلاسٹک شیٹس فراہم کی جائیں گی۔ امدادی سامان کا پہلا جہاز 30 اگست کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پہنچے گا۔ پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر نے سیلاب میں جاں بحق افراد کیلئے اظہار افسوس کیا ہے۔