ایک نیوز نیوز:متحدہ عرب امارات مشکل وقت میں پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ ، یو اے ای نے امدادی سامان سے بھرے 20 جہاز بھیجنے کا اعلان کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یو اے ای حکام نے رابطہ کیا اور سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجنے سے متعلق بات چیت کی۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات نے سیلاب زدگان کی امداد فوری طور پر بڑھانے کا فیصلہ کیا اور ابتدائی طور پر 20 امدادی جہاز بھیجنے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گذشتہ روز سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی ہنگامی امداد میں كئی ٹن خوردنی سامان، طبی دوائیں اور متاثرین کے پناہ گاہوں کے لیے خیمے شامل ہیں، جو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت کے مطابق فراہم کیے گئے ہیں#UAEAid pic.twitter.com/YRusBK0r3Z
— UAE Embassy PK (@uaeembassyisb) August 29, 2022
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اس سال بڑے پیمانے پر سیلاب آیا، لوگوں کو ریلیف دینے اور بحالی میں کئی سال لگ جائیں گے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی، صوبائی حکومتیں اور مسلح افواج کے وسائل محدود ہیں، پاکستان کے مخیر حضرات اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کے لئے ہمیں پوری قوم کی مدد چاہیے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اور دوست بھی آگے آئیں اور مشکل حالات میں گھرے لوگوں کی مدد کریں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یقین ہے ہمیشہ کی طرح ہمارے تارکین وطن پاکستان میں اپنے بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔