ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے صدر پرویز الہیٰ کے گھر ہونیوالا پولیس آپریشن اور فیملی ممبران کوگرفتار کرنےسے روکنے کےخلاف درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس آپریشن کیخلاف درخواست پرویز الہی کے بیٹے راسخ الہی کی جانب سے دائر کی گئی،درخواست میں حکومت پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب،ڈی جی اینٹی کرپشن آئی جی پنجاب اور دیگر کو فریق بنایاگیاہے،درخواست چودھری پرویز الہی کے بیٹے راسخ الہی نےاپنے وکیل عامر سعید راں کےتوسط سے دائر کی ہے۔
موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت ملنے کےباوجود اینٹی کرپشن اورپولیس نے گھر پر دھاوا بولا،پولیس ایکشن سے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیاگیا،پرویز الہی کےگھرپرموجود نہ ہونے کےباوجود گھر کی تلاشی کےنام پرتوڑ پھوڑ کی گئی،پولیس نے مرکزی دروازہ بکتر بند گاڑی سے توڑا،خواتین اور بچوں کو ہراساں کیاگیا۔
موقف میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس نے قانون ہاتھ میں لےکربنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی،عدالت پولیس ایکشن روکنے کےاحکامات صادر کرے،عدالت پولیس ایکن کےذمہ داروں کےخلاف کاروائی کا حکم دے،عدالتی فیصلہ آنے تک پرویز الہی اور ان کےگھر کےکسی بھی فرد کوگرفتارکرنے سے روکنے کا حکم دیاجائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات لاہورمیں چودھری پرویزالٰہی کے گھرپر پولیس نے دھاوا بولا،بکتربند گاڑی مرکزی دروازہ توڑتی ہوئی رہائش گاہ میں داخل ہوئی تھی، پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر میں کود گئے تھےاور اندرونی داخلی دروازہ بھی توڑ ڈالا جبکہ کھڑکی کے شیشے بھی توڑ دیے تھے۔اینٹی کرپشن ٹیم نے رات گئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ پر یہ کارروائی گوجرانوالہ میں درج مقدمہ میں کی تھی۔