ایک نیوز: پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم قومی ٹیم میں نظر انداز کیے جانے کے بعد اپنا کیرئیر بنانے کے لیے امریکا شفٹ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صرف سمیع ہی وہ کرکٹر نہیں جو بہتر مواقع کے لیے امریکا منتقل ہوئے بلکہ ان سے قبل ٹیسٹ کرکٹر احسان عادل اور انٹرنیشنل کرکٹر حماد اعظم بھی امریکا شفٹ ہوچکے ہیں۔ سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت سان فرانسسکو کے بے ایریا میں رہ رہے ہیں جو دنیا کے مہنگے ترین رہائشی علاقوں میں سے ایک ہے۔سمیع اسلم فی الحال اسی علاقے میں واقع ایک پرتعیش گھر میں رہ رہے ہیں جہاں ٹیسلا اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کے ساتھ ساتھ دنیا کے چند سرکردہ کاروباری افراد رہائش پذیر ہیں۔
سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ 'الحمدللہ، یہاں اپنی زندگی سے مطمئن ہوں، میں ایک گھر کا مالک ہوں اور یہاں اپنے خاندان کے ساتھ رہتا ہوں'۔میں یہاں اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میں نے ہمیشہ کرکٹ کھیلنے کا خواب دیکھا اور مجھے یہاں اچھا موقع ملا، پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا تھا لیکن وہاں زیادہ موقع نہیں ملا'۔
سمیع اسلم نے قومی اسکواڈ سے ڈراپ ہونے سے قبل 13 ٹیسٹ اور چار ون ڈے کھیلے جس کے بعد وہ 2020 میں امریکا گئے اور وہاں ایک پیشہ ور کرکٹر کے طور پر نئی شروعات کی۔سمیع اسلم انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز چنئی سپر کنگز کی ٹیم ٹیکساس سپر کنگز کے لیے میجر لیگ کرکٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں کھیلیں گے جس کی تصدیق کرکٹر نے خود کی۔
سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ 'لوگ سمجھتے ہیں کہ یہاں کرکٹ کم کھیلی جاتی ہے لیکن یہاں ہمارے لیے بہت سارے مواقع ہیں، ہم پورا سال بہت سی فرنچائز کرکٹ کھیلتے ہیں'۔