ایک نیوز: اسلام آباد کی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 30 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے عدالت کو نوٹس کی تعمیل سےآگاہ کیاگیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو نوٹس کی تعمیل قانون کے مطابق نہیں ہوسکی جس کے بعد عدالت نے نقول فراہم کرنے کے لیے عمران خان کو دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔
سول جج مبشرحسن چشتی نے عمران خان کو 30 مئی کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونےکےلیےنوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
اس سے قبل عدالت میں 10 ملزمان کی حاضری لگا دی گئی۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو نوٹس کی تعمیل سے متعلق سب انسپکٹر حنیف کو عدالت بلایا جائے۔ عدالت نے سب انسپکٹر حنیف کی عدالتی حاضری تک سماعت میں وقفہ کیا تھا۔