دنیا کی سب سے سست ٹرین کس ملک میں چلتی ہے؟

Sep 28, 2024 | 21:12 PM

ویب ڈیسک:دنیا جیسے جیسے ترقی کر رہی ہے تیز رفتار بلٹ ٹرینیں متعارف ہو رہی ہیں مگر ایک ترقی یافتہ یورپی ملک میں اب بھی سب سے سست ٹرین چلتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کی سست ترین ٹرین یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کے مرکز میں چلتی ہے جو 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی کم رفتار میں 290 کلومیٹر کا سفر 8 گھنٹے میں طے کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کی اس سست ترین ٹرین کا نام گلیشیئر ایکسپریس ہے جو وسطی سوئس الپس کے دو بڑے پہاڑی سلسلوں کے درمیان چلتی اور ان کے اسٹیشنوں (سینٹ مورٹز سے زرمٹ) کو باہمی جوڑتی ہے۔ اس ٹرین کا سفر قدرتی تفریحی مناظر سے بھرپور ہوتا ہے۔

یہ دنیا کی سست ترین ٹرین ہونے کے ساتھ آرام دہ ایکسپریس ٹرین کے نام سے بھی جانی جاتی ہے اور اس پر سفر کسی ایڈونچر سے کم نہیں۔ 8 گھنٹوں کے اس سفر میں مسافر 91 سرنگوں سے گزرنے اور 291 خطرناک ترین پلوں کو عبور کرنے کا سنسنی خیز لطف اٹھاتے ہیں اور انہیں قدرت کے مظاہر دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

گلیشیئر ایکسپریس میں سرد موسم کی مناسبت سے مسافروں کی سہولت کے لیے گرم نشستوں کا انتظام ہوتا ہے۔ اس سفر کے دوران جب ٹرین خطرناک اور مشکل ترین راستوں اور پلوں سے گزرتی ہے تو مسافروں کو ان کے معمار انجینئرز کی حیران کن مہارت بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔

اس ٹرین میں سفر صرف حیرت انگیز تفریح سے بھرپور ہی نہیں ہوتا بلکہ لذت کام ودہن کا بھی بھرپور خیال رکھا جاتا ہے جس میں مسافروں کے پسندیدہ کھانے اور مشروبات شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں