ویب ڈیسک: شمالی وزیرستان میں چارٹرڈ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ، جس کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے ہیں۔
ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کا چارٹرڈ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر 3 روسی پائلٹس سمیت 14 مسافر سوار تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر پر سوار6 افراد ہلاک اور 8 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر شمالی وزیرستان میں پروازکے دوران آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا، ہیلی کاپٹر حادثہ تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آیا۔
ماڑی پیٹرولیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کا علاقے میں سکیورٹی صورتحال یا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہیلی کاپٹر شیوا وزیرستان بلاک میں پرسنل ٹرانسپورٹیشن فراہم کر رہا تھا۔
ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا بتانا ہے کہ پاک فوج اور دیگر اداروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ تھل منتقل کر دیا گیا ہے، تھل سے زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ پیدا ہوا، ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہُوئے ہیلی کاپٹر کا ٹیل روٹر زمین سے ٹکرا گیا، حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔