نقل سکینڈل :خیبر پختونخوا ہ میں ایم ڈی کیٹ دوبارہ ہوگا

نقل سکینڈل :خیبر پختونخوا ہ میں ایم ڈی کیٹ دوبارہ ہوگا
کیپشن: نقل سکینڈل :خیبر پختونخوا ہ میں ایم ڈی کیٹ دوبارہ ہوگا

ایک نیوز :خیبر پختونخوا میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات میں بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل کرنے کا  اسکینڈل سامنے آنے کے بعد  نگران کابینہ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ کرانے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے زیر صدارت نگران کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ارشد خان نے ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں رپورٹ پر غور وخوض کے بعد چھ ہفتے کے اندر ٹیسٹ دوبارہ کرانے کی منظوری دی گئی جبکہ ٹیسٹ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر نگرانی کرائے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات بیر سٹر فیروز جمال کاکا خیل نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ اجلاس میں ایم ڈی کیٹ میں 200 سے زیادہ طلبا سے پکڑے گئے گیجٹس کا فارنزک ہوگا۔نگراں وزیر اطلاعات نے بتایا تمام گیجٹس کے نمونے اسلام آباد بھیج دیے گئے ہیں، سسٹم کو نقل سے پاک کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ 10 ستمبر کو ملک بھر میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ہوا تھا جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی تھی۔
تاہم خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات میں بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل کرانے کا اسکینڈل سامنے آیا تھا، بعد ازاں نقل کر وانے والے گینگ کے ماسٹر مائنڈ کی نشاندہی کرلی گئی تھی۔