مکہ کے گھڑیال ٹاور پر بجلی کوندنے کا خوبصورت منظر،ویڈیو

Sep 28, 2023 | 15:45 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں مکہ کے مشہور گھڑیال برج المعروف کلاک ٹاور پر بجلی کوندنے کا منظر فلم بند کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلاک ٹاور پر بجلی گرنے کا انتہائی خوبصورت منظر دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ جیسے بجلی نیچے سے اوپر کی طرف شاخیں بناتے ہوئے گئی ہے۔اس خوبصورت منظر کو سعودی فوٹو گرافر عبد العزیز الحربی اور محمد الہذلی نے محفوظ کیا ہے۔

فوٹو گرافر عبد العزیز الحربی کا کہناہے کہ میں نے دیکھا کہ کلاک ٹاور پر مسلسل بجلیاں گر رہی ہیں۔اس منظر کو محفوظ کرنے کے لیے میں الزاہر محلے کی بلند چوٹی پر گیا جہاں سے میں نے یہ منظر محفوظ کیا ہے۔ ویڈیو بنانے کے بعد اسے سلو موشن پر چلایا گیا تو معلوم ہوا کہ ایسا لگتا ہے کہ بجلی نیچے سے اوپر گئی اور شاخیں بناتے ہوئے غائب ہوگئی۔

 عبد العزیز الحربی کا مزیدکہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی کلاک ٹاور پر بجلی گرنے کے متعدد مناظر محفوظ کر چکا ہوں مگر اس کا منظر میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

قابل ذکر ہے کہ مکہ گھڑیال دنیا کی سب سے بڑی گھڑیوں میں سے ایک ہے اور اسے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں 2008ء میں چلایا گیا تھا۔یہ گھڑی دنیا کی سب سے لمبی گھڑی بھی ہے جس کی لمبائی 40 میٹر اور اونچائی 400 میٹر ہے۔

کلاک ٹاور میں نصب کلاک چار سمتوں سے دکھائی دیتی ہے، سامنے سے یہ اس گھڑی کی لمبائی 43 میٹر اور عرض 39 میٹر ہے، دنیا کی اس منفرد گھڑی کا وزن 36 ہزار ٹن ہے۔

مزیدخبریں