سانحہ چکراگوٹھ کیس: بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کیخلاف گواہوں کو پیش کرنے کا حکم

Sep 28, 2023 | 12:27 PM

ایک نیوز: انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کیخلاف آئندہ عدالت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ چکرا گوٹھ کیس کی سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم لندن کے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما سمیت دیگر ملزمان کو پیش کردیا گیا۔

رئیس الدین عرف مما کے وکیل کی جانب سے طبی سہولیات فراہمی کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے رئیس مما کو طبی سہولت فراہمی کی درخواست پر جیل سپریٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔ 

عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ٹارگٹ کلر رئیس مما کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہمی سے متعلق درخواست پر بھی دلائل طلب کرلئے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ پراسیکیوشن نے دلائل میں بتایا کہ مقدمے میں بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز رئیس عرف مما، کامران عرف  مادھوری ، شاہ جہان عرف شٹن ، ظہیر عرف فنٹر سمیت 21 ملزمان شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت 5 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ 

عدالت نے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ ملزم رئیس مما نے 2011 میں کورنگی میں اپنی دہشت اور اجارہ داری قائم رکھنے کیلیے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا۔ فائرنگ سے ریزرو پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق اور اہلکار سمیت 27 افراد زخمی ہوئے۔

مزیدخبریں