ایک نیوز: پنجاب حکومت کے شعبہ زراعت میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کپاس کے بعد چاول کی فصل میں بھی اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ایک اور بڑی کامیابی، صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے بعد پنجاب رواں سال 2ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا۔ پاکستان میں رواں سال مجموعی طورپر 3ارب ڈالر کاچاول برآمد کیاجائے گا۔ پنجاب سے گزشتہ سال صرف ایک ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا گیا تھا۔ رواں برس چاول کی ایکسپورٹ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 100فیصد اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری زراعت اوران کی ٹیم کو کاٹن کے بعد چاول میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر شاباش دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ اگلے دو سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوں گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کپاس کے نرخ کے استحکام اور اضافے کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔ صوبائی وزیرصنعت وزراعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری زراعت اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ پنجاب میں گندم کی پیداوار کا ابتدائی ہدف 40ملین ٹن مقررکردیا گیا۔ زیادہ پیداوار کے لئے کوالٹی سیڈ اور 15نومبر تک گندم کی بوائی کی سفارشات مرتب کی گئی ہیں۔ صوبہ میں تیل دار اجناس کی پیداوار کا ہدف 19لاکھ ایکڑ اراضی مقرر کیا گیاہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس:
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر صنعت وزراعت ایس ایم تنویر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی،سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔