ایک نیوز: لاہور جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرکے سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیا جبکہ تمام اضلاع میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جشن عید میلاد النبیﷺ، پنجاب پولیس کے پرنور محافل، ریلیوں اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل ہوگئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں1281 محافل اور 2510 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 46 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے،لاہور میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 267 جلوس، 250 محافل میلاد منعقد ہونگی،صوبائی دارالحکومت میں 10 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور والنٹیرز سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس کاکہنا ہے کہ محافل، جلوسوں اور ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے روایتی و جدید پولیسنگ کے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،ترجمان پنجاب پولیس آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں عید میلادالنبیﷺ کی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے محافل اور ریلیوں کی مانیٹرنگ کی جائے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سنٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع میں تقریبات کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رہیں گے، A، Bاور Cکیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ ضلعی سطح پر قائم امن کمیٹیوں علما کرام، کمیونٹی لیڈرز کی مشاورت سے بہتر کوارڈینیشن کی جائے۔ تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز جشن عید میلادالنبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں.