چودھری شجاعت نے معاشی بحران سے نکلنے کا حل بتادیا 

Sep 28, 2022 | 10:49 AM

ایک نیوز نیوز : مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نےمعاشی بحران کے حل کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز دیتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو دور کریں اور مل بیٹھ کر پاکستان کو درپیش معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے   چودھری شجاعت حسین نے عمران خان کے فوری انتخابات کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فوری الیکشن  معاشی مسائل کا حل نہیں۔ان کا کہناتھا کہ اگر مسئلہ یہ ہے کہ گرینڈ ڈائیلاگ کی صدارت کون کرے گا تو پھر سب پارٹیوں کے سربراہوں کو باری باری صدارت کا موقع دینا چاہئے ۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اگر کوئی اب بھی سوچتا ہے کہ فوری انتخابات ہی معاشی بحران کا حل ہے تو ایک ہفتے کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے چودھری شجاعت نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری فوج کا اندرونی معاملہ ہے میرے خیال میں اسس میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے ۔ سیاست کو مسلح افواج کے معاملات سے دور رہنا چاہیے۔اپنے خاندان میں اختلافات کے حوالے سے چودھری شجاعت کاکہناتھا کہ کچھ خیر خواہ خاندان میں اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔میں چاہتا ہوں کہ پورا خاندان اگلے عام انتخابات ایک پلیٹ فارم سےالیکشن لڑے۔
چودھری پرویز الٰہی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار ہونا تھالیکن انہوں نے آخری وقت میں اس پیشکش کو مسترد کر دیاجس کی وجہ سے مجھے خط لکھنا پڑا ۔

مزیدخبریں