پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو کرپٹ مافیا پنجاب میں کاغذوں میں بھی کوئی منصوبہ نہیں بناسکے وہ شہباز شریف کو لاہور کی ترقی کا طعنہ دے رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب کے لئے جو کیا وہ حالیہ پنجاب کے کنٹونمنٹ کے الیکشن کے نتائج سے ظاہر ہے، برطانوی عدالت کے فیصلے کے بعد عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو لاہور کا طعنہ دینے والے بتائیں 9 سال میں خیبرپختونخوا کو تباہی کے سوا کیا دیا؟ عمران صاحب اور ان کے کرائے کے ترجمان شہبازشریف سے عداوت اور حسد کی سزا پنجاب کو دے رہے ہیں ،جنہوں نے لاہور کو کچرے کے ڈھیر میں بدل دیا انہیں شہباز شریف پر الزام تراشی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا ہے کہ 9 شہباز شریف نے نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 5500 میگاواٹ بجلی بنائی، عمران صاحب کے 350 ڈیم خیبرپختونخوا میں 9 سال میں تعمیر نہ ہوسکے، شہبازشریف نے لاہورسمیت پورے پنجاب میں قابل فخر تعمیر، ترقی اور خوش حالی دی، آج پنجاب شہبازشریف کو یاد کررہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ، شہبازشریف نے پورے پنجاب میں سڑکیں بنائیں، بجلی دی ، اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بنائیں، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا جھوٹا وعدہ کرنے والوں کو عوام بتائے گی کہ شہبازشریف نے وہاں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کا انقلاب برپا کیا ۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے شاہرات کے جال بچھائے، صاف پانی کی فراہمی ، میٹرور اور اورنج لائن کے منصوبے بنائے ، عمران صاحب نے پشاور میں شہبازشریف کی نقل کرنے کی کوشش میں 126 ارب کے بی آر ٹی کے کھڈے کھودے ہیں ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ شہبازشریف نے پنجاب میں بچت کرکے این ایف سی ایوارڈ میں پیسے دوسرے صوبوں کو دیئے ، شہبازشریف نے پنجاب کی عوام کو ڈینگی سے بچایا ہے، خیرپختونخوا کی عوام کی مدد کی ہے، ڈاکٹرز اور ادویات بھجوائے ہیں۔