سابق کپتان انضمام الحق دل کے عارضے میں مبتلا ہو گئے

سابق کپتان انضمام الحق دل کے عارضے میں مبتلا ہو گئے
لاہور : سابق کپتان انضمام الحق دل کے عارضے میں مبتلا ہو گئے، گزشتہ شب انہیں ہارٹ اٹیک کے بعد لاہورکے مقامی اسپتال میں لایا جہاں ان کی اینجوپلاسٹی ہوئی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق دل میں تکلیف محسوس ہونے پرانہیں فوری طورپراسپتال لایا گیا ہے، جہاں ان کی اینجوپلاسٹی کی گئی ہے۔اہلخانہ نے بتایا کہ انہیں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے، ابھی فی الحال وہ خصوصی نگرانی ہیں۔ انضمام طعبیت میں بہتری محسوس کررہے ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق حالت بہتر ہونے پر انھیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی ۔ جبکہ احباب نے ان کے لیے دعا کی اپیل ہے کہ اللہ تعالی انہیں جلد مکمل صحت دے۔

دوسری جانب قومی کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ناساز طبیعت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے لیجنڈ اور فخرِ پاکستان سید انضمام الحق کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، اللّٰہ رب العزت انہیں مکمل شفا عطا فرمائے۔



شعیب ملک نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انضی بھائی آپ ایک فائٹر ہیں، اللّٰہ آپ کو جلد صحتیاب کرے اور صحت والی لمبی زندگی دے۔



سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انشاءاللّہ انضمام الحق جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔



اظہر علی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ میرے بچپن کے ہیرو انضمام الحق کی جلد صحتیابی کےلیے بہت سی دعائیں ہیں۔