تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا چہلم آج منایا جا رہا ہے، پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام، حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ناگہانی صورتحال کے پیش نظر شہر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، تاہم بزرگ شہری اور خواتین پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق روٹ کے راستوں پر موبائل فون سروس جزوی طور معطل رہے گی۔
دریں اثنا میٹرو بس سروس شاہدرہ سے ایم اے او کالج تک بند کی گئی ہے، جلوس کے روٹ پر 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں سے روٹ کے راستوں کی پل پل نگرانی کی جا رہی ہے، علاوہ ازیں ڈی سی آفس میں کنٹرول روم سے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔