ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہناہے جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے ،ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائیزیشن بہتر نہیں ہے ،ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے ۔
وزیراعظم نے کوآرڈینیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکرٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کےدوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کرنے کردی ۔
وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور امیونیٹی گیپ کے حوالےسے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر محمد شہباز شریف کا کہناتھا ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے ،انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا ،جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔