ایک نیوز :اٹلی میں مالی معاونت نہ کرنے پر ماں نے 2 بیٹوں کو گھر سے نکالنے کا عدالتی مقدمہ جیت لیا۔
ویسے تو والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے ہمیشہ ان کے ساتھ زندگی گزاریں مگر جب اولاد کی جانب سے کسی قسم کی معاونت نہ کی جائے تو پھر وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ اٹلی کے شہر پاویا میں دیکھنے میں آیا جہاں ایک ماں اپنے 2 بیٹوں کو گھر سے نکالنا چاہتی تھی، مگر وہ اس کے لیے تیار نہیں تھے۔اس پر 75 سالہ خاتون نے عدالت سے رجوع کیا اور 40 اور 42 سال کے بیٹوں کو گھر سے نکالنے کا حکم حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ خاتون نے عدالت میں دائر مقدمے میں کہا تھا کہ اس کے بیٹے خاندانی گھر کو خالی کرنے کے لیے تیار نہیں تھے، مگر ان کے پاس انہیں نکالنے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔
خاتون کی جانب سے کئی بار بیٹوں کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی کہ گھر چھوڑ کر خودمختار زندگی گزاریں، مگر ملازمت کرنے کے باوجود بیٹے گھر چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔
ماں کو اپنے بیٹوں سے یہ شکایت تھی کہ وہ گھر میں رہنے کے باوجود اخراجات کے لیے پیسے نہیں دیتے تھے جبکہ گھر کے کاموں میں بھی معاونت نہیں کرتے تھے۔
آخرکار تنگ آکر ماں نے عدالت سے رجوع کیا اور عدالت نے بیٹوں کو گھر چھوڑنے کا حکم سنا دیا۔عدالت کی جانب سے دونوں بیٹوں کو 18 دسمبر تک گھر چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔