ایک نیوز:ٹوئٹر(ایکس)نے کمائی کو بڑھانے کے لیے ماہانہ فیس کے تین مختلف سبسکرپشن پلان متعارف کرادیے۔
اب ایکس کے صارفین ’بیسک‘ پلان کے ساتھ ’اسٹینڈرڈ‘ اور ’پریمیم پلس‘ کا پلان لے سکیں گے اور انہیں پلان کے حساب سے ماہانہ فیس ادا کرنی ہوگی۔
ایکس پر سب سے پہلے رواں برس کے آغاز میں ایک ہی سبسکرپشن پلان متعارف کرایا گیا تھا، جس کی ماہانہ فیس 8 امریکی ڈالر رکھی گئی تھی اور بلیو ٹک کو بھی اسی فیس کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔
تاہم کچھ دن قبل ایکس نے ’بیسک‘ نامی ایک اور سبسکرپشن پلان کو آزمائشی بنیادوں پر نیوزی لینڈ اور فلپائن میں متعارف کرایا تھا لیکن اب پلیٹ فارم نے تین مختلف سبسکرپشن پلان متعارف کرادیے۔
ایکس کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق اب صارفین ’اسٹینڈرڈ‘ یعنی پہلے والے ماہانہ 8 امریکی ڈالر کے منصوبے کے علاوہ ’پریمیم پلس‘ اور ’بیسک‘ پلان بھی خرید سکتے ہیں۔
ایکس کے ’پریمیم پلس‘ کی ماہانہ فیس ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے 16 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، تاہم ممکنہ طور پر موبائل صارفین کے لیے اس کی فیس میں مزید دو ڈالر کا اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔