پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اجلاس، وزیراعلیٰ کی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اجلاس، وزیراعلیٰ کی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
کیپشن: Planning and Development Board meeting, Chief Minister's directive to complete the projects on time

ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کابینہ کے ہمراہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پہنچ گئے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس میں صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 3گھنٹے طویل اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری 43 ترجیحی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈرون فوٹیج کے ذریعے 43 منصوبوں پر ڈویلپمنٹ پراگریس کا مشاہدہ کیا،ہر پراجیکٹ کے انتظامی ومالیاتی امور کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہدرہ ملٹی گریڈ فلائی اوور منصوبے پر کام 92فیصد، امامیہ کالونی اوور ہیڈ برج پر 65فیصد مکمل ہوچکاہے۔ اکبر چوک فلائی اوور اوربیدیاں انڈر پاس کی تعمیر 80فیصد مکمل ہوچکی ہے۔  مین بلیوارڈ گلبرگ تا والٹن روڈ 80فیصد، گھوڑا چوک فلائی اوور34فیصد مکمل ہوچکاہے۔ 

محسن نقوی نے فیصل آباد میں عبداللہ پور فلائی اوور اور جھنگ میں جناح پارک پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ پر 31فیصد، واہنڈو انٹرچینج گوجرانوالہ پر 55فیصد، گجومتہ تا قصور فیروز پور روڈ پر 51فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ 

اجلاس میں ملتان شجاع آبادفلائی اوور،ڈویژنل لیول ای رجسٹریشن آفس اور نئے جی او آر کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سروسز ہسپتال،گنگارام ہسپتال، لیڈی ولیگٹن، میو ہسپتال،جنرل ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا گیا۔

لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی پر رپورٹ پیش کی گئی۔ بابا بلھے شاہ ؒ، شاہ شمس تبریز ؒ، بابا فرید ؒ اور دربار بی بی پاکدامن ؒ  کی اپ گریڈیشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 

وزیراعلیٰ کی جانب سے فیصل آباد، راولپنڈی  اورگوجرانوالہ کے سیف سٹی اتھارٹی کے منصوبوں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کا حکم دیا گیا۔ 

کیڈٹ کالج ملتان، گوجرانوالہ یونیورسٹی کے قیام اور ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور پارک کے قیام پر رپورٹ پیش کی گئی۔ شرکاء کو پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری او ربائیو گیس پلانٹس کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے 43ترجیحی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔