ایک نیوز : بھارتی ریاست اتر پردیش کے مندروں کے شہر بنارس کی گلیوں میں پلنے والی ایک کتیا 'جیا' اپنے مالکن کے ساتھ نئے ملک نیدرلینڈز کے سفر کے لیے تیار ہے۔ بھارتی حکام نے جیا کو ایک پاسپورٹ فراہم کر دیا ہے جبکہ نیدرلینڈ کی حکومت نے اسے ویزا بھی جاری کر دیا ہے۔
ایمسٹرڈیم کی رہنے والی میرال بونٹنبل اس تاریخی شہر کی سیاحت پر تھیں، جہاں ان کی ملاقات اس کتیا سے ہوئی اور اس سے پیار ہو گیا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اب اس کی ذمہ داری انہوں نے خود سنبھال لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے اپنے گھر ایک پالتو جانور لانا چاہتی تھیں اور مندروں کے شہر بنارس کی سیاحت کے دوران گلی کی اس کتیا سے انہیں پیار ہو گیا۔
میرال بونٹنبل نے کہا کہ انہیں جیا سے پیار ہو گیا اور ''اس کے پاسپورٹ اور ویزا کا بندوبست کرنے کے لیے ہمیں بھارت میں اپنا قیام چھ ماہ تک مزید بڑھانا پڑا۔
خاتون کی ہمدردی کے اس عمل نے جیا کے لیے مناسب پاسپورٹ اور ویزا حاصل کرنے کی راہ ہموار کی، جس سے یہ کتیااب وارانسی کی گلیوں سے نیدرلینڈز میں اپنے نئے گھر کے سفر کے لیے تیار ہے، جہاں شاید اس کی زندگی بدل جائے گی۔