ایک نیوز : نیٹ فلکس کی مشہور سیریز 'دی کراؤن' کے چھٹے اور آخری سیزن کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ سیزن برطانیہ کی شہزادی ڈیانا کی زندگی کے آخری ایام اور ان کی موت کے بعد شاہی خاندان پر پڑنے والے اثر کے گرد گھومے گا۔
سیریز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی سیزن کو دو حصوں میں پیش کیا جائے گا۔ سیزن 6 کا پہلا حصہ 16 نومبر جب کہ دوسرا حصہ 14 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔
'دی کراؤن' کے پانچویں سیزن میں پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کیا تھا۔ لیکن اس بار ان کی چھٹے سیزن میں شرکت کے حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے نہ ہی ان کی کوئی جھلک نظر آئی ہے۔
"This is going to be the biggest thing that any of us have ever seen." The final season of the award-winning series begins 16th November. pic.twitter.com/AEs3vXkwXv
— The Crown (@TheCrownNetflix) October 26, 2023
'دی کراؤن' کا چھٹا اور آخری سیزن ملکہ ایلزبتھ دوم کی وفات کے بعد پروڈیوس ہونے والا پہلا سیزن ہے۔اس سے قبل تمام سیزن جب تکمیل کے مراحل سے گزر ا تھا تب ملکہ برطانیہ حیات تھیں۔
اس سیریز کی کہانی ملکہ ایلزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلپ کی زندگی کے گرد گھومتی آئی ہے، جو دونوں کرداروں کی شادی سے شروع ہوئی تھی اور شائقین پرامید ہیں کہ اس کا اختتام بھی اچھے نوٹ پر ہوگا۔
'دی کراؤن'ایک ایسی سیریز ہے جس میں گزشتہ صدی کے دوران برطانوی شاہی خاندان پر گزرنے والے واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔
سیریز کے چوتھے اور پانچویں سیزن میں شہزادہ چارلس اور ڈیانا کے تعلقات کو جس انداز میں پیش کیا گیا اسے شاہی خاندان نے پسند نہیں کیا۔
چونکہ سیریز کے پانچویں سیزن کا اختتام شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی طلاق پر ہوا تھا۔ اب چھٹا سیزن اس کے بعد پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومے گا جس میں سب سے زیادہ اہم ڈیانا کی حادثاتی موت ہوگی۔
اس سیزن میں بھی زیادہ تر وہی اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جو پانچویں سیزن کا حصہ تھے، جیسے امیلڈا اسٹونٹن ملکہ ایلزبتھ دوم کے کردار میں نظر آئیں گی، جوناتھن پرائس پرنس فلپ اور ڈومینیک ویسٹ پرنس چارلس کا کردار نبھائیں گے جب کہ ایلزبتھ ڈیبیکی شہزادی ڈیانا کے روپ میں نظر آئیں گی۔
اداکارہ اولیویا ولیمز اور مصری اداکارخالد عبداللہ گزشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی کمیلا پارکر بولز اور ڈوڈی الفائد کے کردار میں نظر آئیں گے۔
اس سیزن کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں پہلی مرتبہ پرنس ولیم اور پرنس ہیری کی انٹری ہوگی جن کا کردار ایڈ مک وے اور لوتھر فورڈ ادا کریں گے جب کہ میگ بیلامی کیٹ مڈلٹن کا کردار نبھائیں گی۔
تاہم پیٹر مورگن کے بقول اس سیزن میں وہ ڈیانا کے آخری ایام کی تو عکاسی کررہے ہیں لیکن ان کے کار حادثے کی منظر کشی نہیں کریں گے۔ ایسا کرنے کا فیصلہ انہوں نے بہت پہلے ہی کرلیا تھا۔
امکان ہے کہ اس سیزن کے دوسرے حصے میں ملکہ برطانیہ کی والدہ اور ان کی بہن مارگریٹ کی اموات اور ان کے شاہی خاندان پر اثر پر بھی بات ہو گی ۔