لانگ مارچ سیکیورٹی انتظامات، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطح کااجلاس

لانگ مارچ سیکیورٹی انتظامات، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطح کااجلاس
کیپشن: Long march security arrangements, high level meeting chaired by CM Punjab

ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات اورپولیس فورس کی تعیناتی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے لانگ مارچ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لانگ مارچ کے پورے روٹ پر امن عامہ برقراررکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔ پولیس اورانتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنائیں۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل انتظامات کیے جائیں۔ کوآرڈینیشن کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرے اورصورتحال کے تناظرمیں اقدامات کیے جائیں۔ دیگر شہروں سے اضافی نفری فی الفور منگوا کر روٹ پر تعینات کی جائے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈرون اورسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لانگ مارچ کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے لئے کھانے کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ حساس علاقوں میں سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔ لانگ مارچ کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری فورس الرٹ ہے۔

سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، سپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور سی سی پی او لاہور نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس کے علاوہ راولپنڈی، گجرات، شیخوپورہ کے آرپی اوز، ڈی آئی جی آپریشنزلاہور، سی پی او گوجرانوالہ، شیخوپورہ، چکوال، جہلم، حافظ آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، وزیرآباد، گجرات کے ڈی پی اوز اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔