ایک نیوز نیوز: قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کی مشقوں کے دوران حادثے میں 3 پاکستانی فائر فئٹرز جاں بحق ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ بدھ کو پیش آیا۔ حکام نے حادثے کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ۔ مرنے والے افراد کے دوستوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا ہے کہ انکی ہلاکت دوحہ کی حماد بندرگاہ پر کرین گرنے کے باعث ہوئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق حادثے کے مقام پر فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے فضائی اور اسٹیڈیم پر کیمیکل حملے سے نمٹنے کی مشقیں کی جارہی تھیں تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ تینوں فائر فائٹرز ان مشقوں میں شریک نہیں تھے۔
فٹبال ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہونے والی مشقوں میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، سعودی عرب، ترکی اور فلسطین کی سیکیورٹی فورسز شریک ہوئیں۔ ورلڈ کپ میں سیکیورٹی سنبھالنے کیلئے پاک فوج کا دستہ بھی قطر بھیجا گیا ہے جبکہ ترکی نے بھی 3 ہزار پولیس اہلکار قطر بھیجے ہیں، فیفا ورلڈ کپ کی سیکیورٹی میں معاونت کی درخواست قطری وزارت داخلہ نے کی تھی۔
واضح رہے کہ قطر میں فٹبال کے عالمی میلے کا آغاز 20 نومبر سے ہوگا جو 18 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔