کراچی: نجی کمپنی کے 2 ملازمین اغوا کار قرار دیکر ہجوم کے ہاتھوں قتل

کراچی: نجی کمپنی کے 2 ملازمین اغوا کار قرار دیکر ہجوم کے ہاتھوں قتل

ایک نیوز نیوز:  سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔  شہریوں نےماڑی پور روڈ پر   ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کو  اغوا کار سمجھ کر بے رحمانہ قتل کردیا اور اُن کی گاڑی بھی نذر آتش کردی ۔

تفصیلات کے مطابق   کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں عوام کے تشدد سے جاں  بحق ٹیلی کام کمپنی کے ملازمین کی شناخت ہوگئی  ہے۔ 

 مقتولین کی شناخت انجینئر ایمن جاوید اور ڈرائیور اسحاق کے ناموں سے ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق  مقتولین جاز کمپنی کے علاقے میں سگنل چیک کررہے تھے ۔  گاڑی میں لیپ ٹاپ کے ساتھ انجنئیر بھی ٹاور سگنلز چیک کررہا تھا۔  اہل علاقہ نے ٹیلی کام کمپنی کے دو ملازمین کو ڈاکو قرار دیکر سفاکانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔

واقعے کی تحقیقات کیلئے  ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری جائے وقوعہ پہنچ گئے ۔

فدا حسین جانوری  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ پسماندرہ علاقہ ہے جہاں افواہ پھیلائی گئی کہ بچوں کو اغواء کیا جارہا  ہے۔  بھرے مجمعے نے دونوں ملازمین پر حملہ  کیا ۔ دونوں مقتول کسی ٹیلی کام کمپنی کے ملازم تھے، علاقہ میں سگنل چیک کرنے کیلئے آئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک عینی شاہد بھی جائے وقوعہ سے ملا ہے۔ اس کا بیان لیا جائے گا۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد میرٹ پر تحقیقات کی جائے گی۔ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ ڈی آئی جی ساؤتھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی کو واقعہ کی بذات خود انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔