ایک نیوز نیوز: وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کے فوکل پرسن احمد جواد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احمد جواد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کردی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا میں ارشد شریف کا کفن میلا ہونے سے پہلے اپنے ضمیر کی آواز پر استعفی دے رہا ہوں۔ایسے ملک کی سیاست سے میں ریٹائرڈ ہورہا ہوں۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد روان سال کے شروع میں مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔
فروری میں اس وقت کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل احمد جواد نے شہباز شریف سے ملاقات کرکے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
بعد میں پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہونے کے بعد احمد جواد کو وزیراعظم کا فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا مقرر کر دیا گیا تھا۔
تحریک انصاف چھوڑنے سے پہلے احمد جواد نے پارٹی پالیسیوں کے خلاف آواز بھی اُٹھائی تھی اور وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں کو ہدفِ تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ارب پتی بننے والوں کے نام بھی سامنے لانے کا اعلان کیا تھا۔
احمد جواد نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ کی صلاحیتوں کا معترف ہوں لیکن آپ کی مجبوریوں کے پیش نظر میں اپنا استعفی پیش کر رہا ہوں،میں یہاں یہ وضاحت کر دوں میں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران نا تو کوئی تنخواہ لی، نا کوئی گاڑی،نا کسی قسم کی کوئی اور سہولت یا رعایت لی ہے۔