سی ایس ایس کرنیوالا مزدور کا بیٹا ہمیشہ کی نیند سوگیا، شاگرد پرستار سوگوار

CSS KILLED
کیپشن: CSS KILLED
سورس: google

 ویب ڈیسک : بابا دل کرتا ہے گھر آکے خوب سوؤں ۔۔۔ سی ایس ایس کرنیوالے مزدور کا بیٹا بلال پاشا ہمیشہ کی نیند سو گیا۔۔بنوں  کینٹ کے سی ای او کی پراسرار موت  نے مزدور باپ سمیت شاگردوں دوستوں سب کو رلا دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر بنوں افتخار شاہ کے مطابق ’بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ لگ رہا ہے‘ تاہم پوسٹ مارٹم ہو چکا ہے اور اس ضمن میں میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے۔

بلال پاشا کی نماز جنازہ  صبح ادا کردی گئی اور انہیں  اُن کے آبائی علاقے عبدالحکیم میں  سپرد خاک کردیا گیا۔

 بی بی سی کے مطابق بلال پاشا کے والد احمد یار نے بی بی سی کو بلال سے اُن کی آخری مرتبہ فون پر ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بتائی ہیں۔ وہ خانیوال میں عبدالحکیم نامی گاؤں کے رہائشی ہیں اور خود مزدوری کرتے ہیں اور اپنے گھرانے کے بڑے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’بلال سے میری سنیچر کو بات ہوئی تو وہ بتا رہا تھا کہ اس کا تبادلہ ہو گیا ہے۔‘

فون پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے احمد یار رو رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ’آٹھ دس روز پہلے ایک دن فون پر بلال کہہ رہا تھا کہ بابا میرا دل چاہتا ہے کہ نوکری چھوڑ کر گھر آ جاؤں یا کچھ دنوں کی چھٹی لے لوں تاکہ دل بھر کر سو سکوں۔ اب راولپنڈی جا کر چھٹی کی درخواست دے کر گھر آتا ہوں۔

احمد یار نے بتایا کہ اتوار کے روز متعدد فون کئے مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ پیر کے روز صبح میں نے بلال کے ایک دوست کو فون کیا جس نے کمرے میں جا کر دیکھا تو اندر سے دروازہ بند تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر بنوں سید ابرار علی شاہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کا بلال پاشا سے فون پر رابطہ نہیں ہو رہا تھا تو انھوں نے سوچا کہ اُن کے دفتر جا کر ان سے مل لیتا ہوں۔

دفتر آیا تو معلوم ہوا کہ وہ وہاں بھی نہیں آئے، تو میں ان کی رہائش گاہ چلا گیا۔ وہاں پہنچ کر ملازمین سے بلال کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ ہم کئی مرتبہ ان کے دروازے پر دستک دے چکے ہیں لیکن اندر سے کوئی جواب نہیں آ رہا۔

ابرار کہتے ہیں کہ ہم نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی، کئی مرتبہ کوشش کرنے کے باوجود بھی دروازہ نہیں ٹوٹا تو ہم کمرے کے پیچھے سٹور کے راستے کمرے میں پہنچے تو بلال مردہ حالت میں تھے۔

بی بی سی کے ایک سوال کے جواب میں ابرار نے کہا کہ بلال نے اُن سے کبھی کوئی ایسی بات نہیں کہی جس سے گمان ہو کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ بالکل بھی نہیں۔ کبھی ایسا گمان بھی نہیں ہوا، کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ یہ کیسے ہو گیا۔ وہ تو راولپنڈی جانے کی بات کر رہا تھا، پیر کو اس نے چارج ہینڈ اوور کر کے پنڈی جانا تھا۔

سنہ 2019 میں سی ایس ایس کے امتحان میں وہ 85ویں پوزیشن پر آئے اور محکمہ ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹ میں تعینات ہوئے۔