ایک نیوز: ڈیفنس کارحادثے میں چھ افراد کے جاں بحق ہونے کے کیس میں گرفتار کم عمر ملزم افنان کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور کے جج عبہر گل نے ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے کیس کی سماعت کی۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم افنان کی عمر کے تعین کا ٹیسٹ کروا لیا، رپورٹ آنا باقی ہے، ملزم افنان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اب آپ کو جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟ اس پر پولیس نے جواب دیا کہ ملزم کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا ہے، ملزم بار بار اپنا بیان بدل رہا ہے۔
عدالت نے پولیس کی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم افنان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
مجھے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں، رفاقت علی
ڈیفنس کار حادثے کے مقدمے کے مدعی رفاقت علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ آفرز بھی دی جارہی ہیں۔
مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ پولیس سست روی سے تفتیش کررہی ہے۔ پولیس تفتیش کا عمل جلد از جلد مکمل کرے۔
انہوں ںے مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف شواہد جلد اکٹھے کیے جائیں۔