کم عمرڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ بنانے پر عدالت برہم،  سی ٹی او ، ایس ایس پی طلب

Nov 28, 2023 | 12:44 PM

  ایک نیوز : لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ کا کم عمر ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ بنانے پر سخت نوٹس۔ عدالت نے سی ٹی او لاہور اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو 5دسمبر کو طلب کرلیا ۔

رانا سکندر ایڈووکیٹ کی دائر کردہ درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے  سماعت کی ۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ بچوں کا انگوٹھا لگوایا جاتا ہے۔ پولیس کم عمر بچوں کا نام کریمنل ریکارڈ میں شامل کر رہی ہے جبکہ چیف ٹریفک آفیسر نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز کا نام کریمنل ریکارڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ بچوں کے ابھی شناختی کارڈز بنے نہیں لیکن کریمنل ریکارڈ بنا رہا ہے۔ کم عمر ڈرائیورز کے نام کو کریمنل ریکارڈ میں شامل نہ کیا جائے۔ سی ٹی او کی عدالت میں یقین دہانی کے باوجود بچوں کے نام سی آر او میں شامل کیے جا رہے ہیں، جن بچوں کا سی آر او میں شامل کیا گیا اسے خارج کیا جائے۔

جس پر عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا سی ٹی او آخری مرتبہ کہہ کر گیا تھا کہ نام ریکارڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا؟ درخواست گذار کے وکیل سے سوال کیا گیا کہ سی ٹی او کی بات آپ نے کہاں سنی ؟ جس پر درخواست گذار کے وکیل نے جواب دیا کہ اخباروں میں خبر چھپی تھی۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جی، سی ٹی او نے ایسی کوئی بات کی تو تھی۔  سی ٹی او کہہ کر گیا کہ سی آر او نہیں کروائیں گئے لیکن پہلے چھ اب کل پھر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

عدالت نے سی ٹی او لاہور اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ کیس کی  سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی ۔

مزیدخبریں