ایک نیوز : لاہور کے علاقے سندر کے قریب نامعلوم کارسواروں نے لڑکیوں کی کالج بس پر فائرنگ کردی ۔ گولیاں لگنے سے دو طالبات شدید زخمی ، ایک کی حالت نازک ۔ ملزمان فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ سندر کےقریب نامعلوم کار سواروں نے نجی کالج کی بس پر فائرنگ کر دی ۔ جس سے 2 طالبات گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی کالج کے طلبا و طالبات پتوکی سے مری ٹرپ پر جا رہے تھے۔ زخمی طالبات کی شناخت عائشہ اور نمرہ کے نام سے ہوئی۔
زخمی طالبات کو لاہور جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ زخمی طالبہ عائشہ کی حالت نازک ہے جسے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے ۔
دوسری طرف ایس ایچ او سندر نے فائرنگ کے واقعہ کو بس کا شیشہ ٹوٹنے کا واقعہ قراردیدیا۔ ایک نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق سندر تھانے کے قریب بس پر فائرنگ کو ایس ایچ او سندر عاطف ذوالفقار گاڑی کا شیشہ ٹوٹنے کا واقعہ قرار دیتا رہا۔
اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ سندر پولیس تین گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی جبکہ ایس ایچ اور عاطف ذوالفقار نے لواحقین کواطلاع دی کہ انکی بچیوں کو گاڑی کا شیشہ لگ گیا ھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور جنرل ہسپتال پہنچ گئے انہوں نے وینٹی لیٹر پر شدید زخمی طالبہ عائشہ کے لواحقین کو ملزم فوری گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔