جسمانی توانائی کوبڑھانےمیں مددگارغذائیں اورطریقے

جسمانی توانائی کوبڑھانےمیں مددگارغذائیں اورطریقے
کیپشن: Foods and ways to increase physical energy

ویب ڈیسک:اکثرلوگ دن بھرکام کرنےکےبعدجسمانی توانائی ختم ہونےیاتھکاوٹ کاشکارہوتےہیں ۔
تفصیلات کےمطابق دنیابھرمیں تقریباً60فیصدافراددن بھرکام کےبعدتھکاوٹ کاشکارہوجاتےہیں یاجسمانی توانائی میں کمی کی شکایت کرتےہیں،تھکاوٹ اور جسمانی توانائی میں کمی کا مسئلہ بہت عام ہوتا ہے، خاص طور پر درمیانی عمر کے افراد میں۔خوش قسمتی سے چند عام طریقوں سے جسمانی توانائی کو بڑھانا ممکن ہے بلکہ عمر بڑھنے سے جسم پر مرتب اثرات کی رفتار کو بھی سست کیا جا سکتا ہے۔
تو ان طریقوں کے بارے میں جانیں جو جسمانی توانائی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
جسمانی سرگرمیاں
تھکاوٹ کے شکار ہونے کے بعد ورزش کرنا بہت مشکل محسوس ہوتا ہے مگر تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ ورزش کرنے سے زندگی کا معیار بڑھتا ہے اور زیادہ متحرک ہونے سے خود اعتمادی بھی بڑھتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ورزش کرنے سے دل، پھیپھڑوں اور مسلز کے افعال زیادہ بہتر ہوتے ہیں اور جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
یوگا
ویسے تو لگ بھگ ہر ورزش ہی صحت کے لیے بہتر ثابت ہوتی ہے مگر یوگا  جسمانی توانائی میں اضافے کے لیے بہت زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر ہفتے ایک بار یوگا کرنے کے عادی افراد کی جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
پانی پینا مت بھولیں
جسم میں پانی کی کمی توانائی کو چوس لیتی ہے جبکہ جسمانی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ڈی ہائیڈریشن سے ایتھلیٹس کے لیے وزن اٹھانے کی ورزشیں کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جسم میں پانی کی کمی سے تھکاوٹ بڑھتی ہے اور روزمرہ کے کام کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔
مناسب نیند
نیند کی کمی سے دن میں تھکاوٹ اور غنودگی جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے اور اس کا حل رات کی اچھی نیند ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اچھی نیند سے لوگوں کو تھکاوٹ کا کم سامنا ہوتا ہے جبکہ صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
مچھلی کھائیں
مچھلی کھانے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے جبکہ اس میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے ذہن مستعد ہوتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانے سے بھی جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
جسمانی گھڑی کا خیال رکھیں
کچھ افراد میں صبح کے وقت جسمانی توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں اور کچھ افراد میں رات گئے جسمانی توانائی عروج پر ہوتی ہے۔
ہمارے جسم کی اندرونی گھڑی اس حوالے سے کردار ادا کرتی ہے اور اسے بدلنا کافی مشکل ہوتا ہے تو اپنی گھڑی کے ردہم کا خیال رکھتے ہوئے روزمرہ کی سرگرمیوں کو شیڈول کریں۔
جسمانی وزن میں کمی لائیں
جسمانی وزن میں کمی لانے سے توانائی کی سطح بڑھتی ہے۔درحقیقت جسمانی چربی کی مقدار میں معمولی کمی سے بھی جسمانی توانائی بڑھتی ہے جبکہ مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
غذا کو اچھی طرح چبائیں
غذا کو جتنی اچھی طرح چبائیں گے، ہاضمے کے لیے اسے توانائی میں تبدیل کرنا اتنا ہی آسان ہوگا۔اس کے مقابلے میں اگر آپ چند بار چبا کر ہی نوالے کو حلق سے اتار لیتے ہیں تو اس عادت کے نتیجے میں جسم کے لیے غذا کو جذب کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور جسمانی توانائی کا ضیاع ہوتا ہے۔
زیادہ وقت تک بیٹھنے سے گریز کریں
جو لوگ دن بھر زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں انہیں تھکاوٹ اور جسمانی توانائی میں کمی کے مسئلے کا زیادہ سامنا ہوتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ہر گھنٹے میں پانچ منٹ تک چہل قدمی کرنے کی عادت سے خود کو تھکاوٹ سے محفوظ رکھنے اور جسمانی توانائی کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔