ویب ڈیسک: ایکس کے مالک ایلون مسک کا اسرائیل کادورہ، غزہ کو اسٹار لنک سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا ۔
ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے جس کے دوران وہ ان علاقوں میں بھی گئے جہاں 7 اکتوبر کو حماس نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کیا تھا۔
ایلون مسک 27 نومبر کی صبح تل ابیب پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کےساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ایلون مسک نے یہ دورہ اس وقت کیا ہے جب ان پر ایک ایسی پوسٹ پر ریپلائی کرنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جسے اسرائیلی حلقوں نے اسرائیل مخالف قرار دیا تھا۔
مختلف کمپنیوں نے ایکس کے لیے اشتہارات کو بھی روک دیا تھا۔دورے کے دوران ایلون مسک نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔ ایلون مسک کے دورے کے موقع پر اسرائیل کی جانب سے ان کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
اسرائیلی وزیر کمیونیکیشن Shlomo Karhi نے اعلان کیا کہ ایلون مسک نے اسرائیل کی مرضی کے بغیر غزہ کو اسٹار لنک سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سے قبل ایلون مسک نے غزہ میں مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ بندش پر سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی اسرائیل کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی۔