جی میل کے نئے سرچ فیچر کو متعارف کرا دیا گیا  

Nov 28, 2022 | 21:15 PM

 ایک نیوز نیوز:اگر آپ جی میل کو استعمال کرتے ہیں اور ان باکس میں ہزاروں ای میلز موجود ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب اس سروس میں سرچنگ کو بہتر کردیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اب جی میل میں ای میلز سرچ پہلے سے زیادہ تیز ہوگی۔اکثر صارفین کو ان باکس میں ضروری ای میلز کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے جی میل میں ایک سرچ فیچر جولائی میں متعارف کرایا گیا تھا۔اب جی میل میں اس سرچ فیچر کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس سے ای میلز کو تلاش کرنا زیادہ آسان ہوجائے گا۔

گوگل کے مطابق اب جی میل سرچ میں ماضی کی سرچنگ سرگرمیوں کو بھی مدنظر رکھے جائے گا یعنی رزلٹس ماضی میں کی جانے والی سرچ کے مطابق نظر آئیں گے۔ای میل سرچ ٹول سرچ بار سے باہر بھی سرگرمیوں کو یاد رکھے گا، جیسے آپ نے کسی فرد سے جی میل پر کتنی بار رابطہ کیا، جس کے مطابق سرچ رزلٹس نظر آئیں گے۔گوگل کو توقع ہے کہ اس تبدیلی سے صارفین کے لیے جی میل سرچ زیادہ مددگار ثابت ہوگی۔یہ فیچر جی میل کے ویب ورژن کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور موبائل ایپ میں دستیاب نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ کچھ ماہ پہلے گوگل نے بتایا تھا کہ جی میل سرچ کے لیے اب مشین لرننگ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جارہا ہے۔

 

 

مزیدخبریں